26 نومبر 2017 - 10:43
اسلام آباد میں 150 مظاہرین گرفتار/ فیض آباد میں مذہبی جماعتوں کا دھرنا جاری

پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے ہائی وے پر رینجرز اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئی ہیں جھڑپوں کے دوران ایک گاڑی اور 5 موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی گئی ہے جبکہ پولیس نے 150 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد کے ہائی وے پر رینجرز اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئی ہیں جھڑپوں کے دوران ایک گاڑی اور 5 موٹر سائیکلوں کو آگ لگا دی گئی ہے جبکہ پولیس نے 150 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کرلیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اسلام آباد میں ہائی وے پر رینجرزاور مظاہرین میں جھڑپ ہوئی جس کے نتیجے میں رینجرز اہلکار اپنی چیک پوسٹ چھوڑ کر پیچھے ہٹ گئے۔ پولیس نے مشتعل مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل فائر کئے ہیں۔ جھڑپ کے دوران مظاہرین نے ایک گاڑی اور 5 موٹرسائیکلوں کو نذر آتش کردیا ہے۔

ادھر فیض آباد میں مذہبی جماعتوں کا دھرنا آج بھی جاری ہے اور کشیدہ صورت حال ہے، جب کہ انٹر چینج ہر طرح کی ٹریفک کیلئے بند ہے۔ آپریشن کے دوران جاں بحق حافظ عدیل کی نماز جنازہ اس کے آبائی علاقے پنڈی گھیب ڈلیاں چوک میں ادا کردی گئی جس میں اہل علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

ادھر راولپنڈی میں بھی فیض آباد آپریشن کے خلاف احتجاج کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری ہے ۔ چکری انٹرچینج اور روات ٹی چوک پر مظاہرہ کیا جارہا ہے اور مظاہرین نے جی ٹی روڈ دوبارہ بند کر دی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سکیورٹی فورسز نے لبیک یا رسول اللہ (ص) دھرنا ختم کرانے کے لیے آپریشن کیا تھا۔ اس دوران سکیورٹی اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑٖپوں کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوگئے۔

.......

/169